دھرندھر: کراچی اور لیاری کے مناظر حقیقت میں ممبئی میں فلمائے گئے
رنویر سنگھ اور اکشے کھنہ کی بلاک بسٹر اسپائی تھرلر فلم دھرندھر اپنی طاقتور کہانی، شاندار اداکاری اور مکالموں کے ساتھ ساتھ شوٹنگ لوکیشنز کے باعث بھی شائقین کے لیے تجسس کا باعث بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر فلم میں دکھایا گیا کراچی اور لیاری، ناظرین کے لیے ایک معمہ بنے ہوئے ہیں کہ یہ مناظر حقیقت میں کہاں فلمائے گئے۔
ہدایتکار آدتیہ دھر کی اس فلم نے صرف 35 دنوں میں دنیا بھر سے 1,233 کروڑ روپے کا بزنس کر کے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا، حالانکہ خلیجی ممالک میں اس فلم پر پابندی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فلم کا آغاز بنکاک، تھائی لینڈ سے ہوا جہاں جولائی 2024 میں شوٹنگ شروع کی گئی۔ بنکاک کو پاکستان کے شہری علاقوں کی عکاسی کے لیے منتخب کیا گیا، جہاں سرویلنس اور ہائی اوکٹین ایکشن سین فلمائے گئے۔
دلچسپ انکشاف یہ ہے کہ فلم میں دکھایا گیا کراچی اور لیاری دراصل ممبئی کے مادھ آئی لینڈ میں تخلیق کیا گیا۔ تنگ گلیاں، عمارتوں کی ساخت اور کیمرہ اینگلز نے لیاری کا ایسا تاثر دیا کہ ناظرین حقیقت اور فلم میں فرق نہ کر سکے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں رنویر سنگھ کا مشہور ڈائیلاگ فلمایا گیا:
"اگر تم لوگوں کے پٹاخے ختم ہو گئے ہوں تو میں دھماکے شروع کروں۔”
فلم کے کئی اہم اندرونی مناظر فلمستان اسٹوڈیوز میں فروری 2025 کے دوران مکمل کیے گئے، جبکہ ایکشن اور ٹرانزیشن سینز کے لیے ڈومبیولی کے منکولو برج کو حقیقت سے قریب رکھا گیا۔
جذباتی مناظر کے لیے پنجاب کے شہر امرترسر کے گولڈن ٹیمپل کے اطراف شوٹنگ کی گئی، جبکہ لدھیانہ کے کھیڑا گاؤں کو پاکستان کے دیہی علاقے میں بدل کر یادگار سین فلمائے گئے۔
فلم کا سب سے مشکل مرحلہ لداخ میں آگست 2025 میں آیا، جہاں سخت موسم اور بلند پہاڑی علاقوں میں شوٹنگ مکمل کی گئی۔ پتھر صاحب جیسے ویران مقامات نے فلم کی کہانی میں تنہائی، جدوجہد اور خطرے کا احساس بڑھایا۔
دلچسپ طور پر، سنجیدہ اور سنسنی خیز ماحول کے بیچ پارلے کی گولڈن ٹوبیکو فیکٹری میں رنگین اور توانائی سے بھرپور گانے فلمائے گئے، جہاں شاندار رقص کے مناظر نے ناظرین کو بالکل نیا تجربہ دیا۔
دھرندھر نہ صرف ایک سنسنی خیز تھرلر کے طور پر جانی جائے گی بلکہ اس کی شوٹنگ لوکیشنز اور بصری مہارت نے فلم کو ایک عالمی معیار کا تجربہ بنا دیا ہے۔





