امریکا اپنی ویزہ پالیسی پر نظرثانی کر رہا ہے، پاکستان کے لیے ویزے جلد بحال ہونے کی امید ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان پر امریکا کی ویزہ پابندیوں سے متعلق امریکی رپورٹس کا جائزہ لیا جا چکا ہے اور اس معاملے پر امریکی حکام سے مسلسل رابطہ برقرار ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی ویزہ پالیسی پر نظرثانی کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کی بحالی عمل میں آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان قونصلر امور پر تعاون میں بہتری آ رہی ہے اور دفتر خارجہ اس معاملے پر ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کو دوبارہ ویزہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دہشت گرد کیمپوں سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث ہونا ریکارڈ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کو سزا سنائے جانے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ ایران موجودہ بحران پر جلد قابو پا لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایرانی قیادت اور عوام پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ایک پرامن اور مستحکم ایران پاکستان کے مفاد میں ہے۔






