ریڈیو پاکستان کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 سال بعد ادارے کو خیرباد کہہ دیا
ویب ڈیسک: ریڈیو پاکستان کی سینئر اور معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 سالہ طویل رفاقت کے بعد ریڈیو پاکستان کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا۔
ویڈیو پیغام میں عشرت فاطمہ نے روایتی انداز میں اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنی 45 سالہ وابستگی کو الوداع کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے رخصت ہونے سے قبل دل کی گہرائیوں سے ریڈیو پاکستان اور اپنے سامعین کا شکریہ ادا کیا۔
عشرت فاطمہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے انہیں بے پناہ عزت اور محبت دی۔ انہوں نے کہا کہ آج تک سامعین اور ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے رکھنا کسی نعمت سے کم نہیں۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی کامیابی اللہ تعالیٰ اور والدین کے کرم کا نتیجہ ہے۔ ’’اگر میں آج کچھ ہوں تو یہ میرے رب کا احسان ہے۔ یہ فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا، مگر یقیناً میرے رب نے میرے لیے اتنا ہی لکھا تھا۔ دعاؤں میں یاد رکھیے گا،‘‘ انہوں نے کہا۔
عشرت فاطمہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر ریڈیو پاکستان سے اجازت طلب کی، دعا کی درخواست کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں، سامعین کو، ادارے کو اور پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے۔ انہوں نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے کے ساتھ اپنا پیغام ختم کیا۔
عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان سے علیحدگی کی وجوہات کی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔ دوسری جانب صحافی برادری، براڈکاسٹنگ سے وابستہ شخصیات اور ایکس کے صارفین کی جانب سے انہیں نیک خواہشات دی جا رہی ہیں اور ان کے طویل اور شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔






