اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

عقلمندی یہی ہے کہ بات چیت کی جائے، پاکستان کا نقصان نہیں چاہتے: سلمان اکرم راجہ

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہوشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ بیٹھ کر بات کی جائے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں کچھ ایسا ہو جس سے پاکستان کا نقصان ہو۔

ہائی کورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے کراچی دورے کے دوران عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا، جس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اب لوگوں کو بخوبی اندازہ ہو چکا ہے کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب اپنا مقدمہ خود لڑیں گے، کیونکہ آئین نے عوام کو یہ حق دیا ہے کہ وہ اپنے لیے آواز اٹھائیں۔ ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھ چکے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو بے وقعت کیا گیا، جو ایک تشویشناک امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں کو ناحق جیلوں میں ڈالا جائے گا تو ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اپنا فیصلہ خود کرتی ہے، اب ہر فرد کو یہ طے کرنا ہے کہ وہ کس طرح کی زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ جو لوگ اس وقت نظام پر مسلط ہیں، انہیں عوام کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں نہ ترقی ہو رہی ہے اور نہ ہی سرمایہ کاری آ رہی ہے، آئندہ جو بھی صورتحال پیدا ہوگی اس کی ذمہ داری انہی عناصر پر عائد ہوگی جو آج اقتدار میں ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button