سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ اداکارہ سلینا جیٹلی نے شوہر سے طلاق کی تکلیف دہ کہانی بیان کر دی
ممبئی: سابق مس انڈیا اور ابتدائی 2000 کی دہائی کی معروف بالی ووڈ اداکارہ سلینا جیٹلی نے اپنی شادی اور طلاق کے راز پہلی مرتبہ کھل کر بیان کیے ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ شادی کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شوہر کی جانب سے طلاق کے کاغذات تھما دیے گئے اور اس دوران انہیں جسمانی و ذہنی تشدد، بچوں سے علیحدگی اور جائیداد پر قبضے کی کوشش جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلینا جیٹلی نے 2011 میں آسٹریا کے بزنس مین پیٹر ہیگ سے شادی کی تھی اور بعد ازاں بیرونِ ملک منتقل ہو گئیں۔ مداحوں کا خیال تھا کہ وہ پرسکون گھریلو زندگی گزار رہی ہیں، مگر حالیہ انکشاف میں اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدہ ہو چکی ہیں اور طلاق پر ان پر تشدد کے الزامات بھی ہیں۔
سلینا جیٹلی نے سوشل میڈیا پر تفصیلی بیان میں کہا کہ طلاق کا فیصلہ اچانک نہیں ہوا بلکہ وہ برسوں تک تشدد کا شکار رہیں اور بالآخر اپنی عزت نفس کی حفاظت کے لیے اس رشتے سے الگ ہوئیں۔ تاہم اس فیصلے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی اور انہیں اپنے بچوں سے علیحدگی اختیار کرنا پڑی۔
اداکارہ نے بتایا کہ 11 اکتوبر 2025 کو تقریباً رات ایک بجے، مسلسل تشدد سے بچنے کے لیے انہیں پڑوسیوں کی مدد سے آسٹریا سے نکلنا پڑا۔ اس دوران انہیں بہت کم رقم کے ساتھ بھارت واپس آنا پڑا اور اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ جوائنٹ کسٹڈی کے عدالتی حکم کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے رابطے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور بچوں پر جذباتی دباؤ ڈال کر ان کے خلاف بولنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
سلینا جیٹلی نے مزید کہا کہ بھارت واپسی کے بعد انہیں اپنے ہی گھر میں داخل ہونے کے لیے عدالت کا رخ کرنا پڑا کیونکہ ان کے سابق شوہر نے ملکیت ظاہر کر رکھی تھی اور طویل قانونی لڑائیوں کے باعث انہیں بھاری قرضے لینے پڑے۔
انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ نے بتایا کہ ستمبر کے اوائل میں شادی کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر شوہر انہیں تحفے کے بہانے مقامی پوسٹ آفس لے گئے، لیکن وہاں انہیں تحفے کی بجائے طلاق کے کاغذات تھما دیے گئے اور کہا کہ یہ سالگرہ کا تحفہ ہے۔
سلینا جیٹلی نے کہا کہ اپنے بچوں کی خاطر کئی بار بغیر جھگڑے کے علیحدگی کی کوشش کی، مگر شوہر نے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی شادی سے پہلے کی جائیداد سے بھی دستبردار ہوں اور ایسی شرائط قبول کریں جو ایک عورت اور ماں کے طور پر ان کی آزادی اور وقار کے خلاف تھیں۔






