عامر خان نے اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ کے ذریعے 18 کلو وزن کم کرنے اور مائیگرین سے نجات کا انکشاف کر دیا
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی صحت اور وزن سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ اپنا کر 18 کلو وزن کم کیا، جس کا اصل مقصد وزن گھٹانا نہیں بلکہ مسلسل مائیگرین سے نجات حاصل کرنا تھا۔
فلم ’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘ کی تشہیر کے دوران بھارتی میڈیا ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وزن میں کمی غیر ارادی طور پر ہوئی اور یہ سب اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ اپنانے کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے بتایا:
"یہ سب خود بخود ہو گیا، میں نے اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ صحت کے لیے اپنائی تھی اور یہ میرے لیے جادو کی طرح ثابت ہوئی۔”
اداکار نے مزید کہا کہ اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ کے نتیجے میں نہ صرف ان کا وزن کم ہوا بلکہ مائیگرین کے دورے بھی کافی حد تک کم ہو گئے۔ اگرچہ انہوں نے اپنی مکمل ڈائیٹ کی تفصیلات شیئر نہیں کیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ غذائی تبدیلی نے صحت پر مثبت اور واضح اثرات مرتب کیے ہیں۔
اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ کیا ہے؟
اینٹی انفلامیٹری ڈائیٹ میں عموماً تازہ سبزیاں، پھل، ثابت اناج، خشک میوہ جات، بیج اور صحت مند چکنائی (گڈ فیٹس) شامل کی جاتی ہیں۔ اس کے برعکس، کاربوہائیڈریٹس کے زیادہ استعمال، پراسیسڈ غذائیں، سفید چینی اور ٹرانس فیٹس سے پرہیز کیا جاتا ہے۔
عامر خان کے مطابق یہ ڈائیٹ جسمانی سوزش کم کرنے میں مدد دیتی ہے اور مجموعی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہے، جو ان کے لیے مائیگرین سے نجات کا سب سے مؤثر ذریعہ بنی۔






