کرکٹکھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ کے عادل رشید اور ریحان احمد بھارتی ویزوں کے منتظر

لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسپنرز عادل رشید اور ریحان احمد تاحال بھارتی ویزوں کے منتظر ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کرکٹرز بھارتی حکام کی جانب سے اجازت نامے کے منتظر ہیں، جس کے باعث وہ رواں ہفتے کے اختتام پر انگلینڈ اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ہمراہ سری لنکا روانہ نہیں ہو سکیں گے۔

انگلینڈ ٹیم نے پہلے مرحلے میں سری لنکا میں وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے، جس کا آغاز 22 جنوری سے ہوگا۔ اس سیریز کے بعد انگلینڈ نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے ہیں۔ انگلینڈ کا پہلا میچ 8 فروری کو نیپال کے خلاف ممبئی میں شیڈول ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بھارتی ویزوں کے لیے تمام کارروائی آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوتے ہی مکمل کر دی تھی۔ تاہم عادل رشید اور ریحان احمد اس وقت فرنچائز کرکٹ میں مصروف تھے اور انہوں نے بیرونِ ملک رہتے ہوئے ویزا درخواستیں جمع کرائیں۔

عادل رشید آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے سلسلے میں دبئی میں موجود تھے، جبکہ ریحان احمد بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے آسٹریلیا میں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ریحان احمد کے ابھی آسٹریلیا میں ہی رہنے کی توقع ہے، جبکہ عادل رشید ویزے کی تصدیق کے منتظر ہیں۔

ای سی بی حکام آئی سی سی، بھارتی کرکٹ بورڈ سمیت برطانوی اور بھارتی اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستانی بیک گراؤنڈ رکھنے والے برطانوی کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ 2024 میں شعیب بشیر کو ویزا تاخیر سے جاری ہوا تھا جبکہ اس سے قبل ثاقب محمود کو بھی اسی نوعیت کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button