انٹرٹینمنٹ

شاہد کپور کی فلم ’او رومیؤ‘ قانونی مشکلات کا شکار، 2 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس موصول

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی آنے والی فلم ’او رومیؤ‘ ریلیز سے پہلے ہی قانونی تنازع کا شکار ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حسین اُسترا کی بیٹی سنوبر شیخ نے فلم کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ فلم میں ان کے والد کی منفی تصویر کشی کی جا سکتی ہے۔

نوٹس میں 2 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا اور پروڈیوسرز کو 7 دن کے اندر رقم ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ نوٹس نادیاد والا گرینڈسن انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر ساجد نادیاد والا اور ہدایت کار وشال بھردواج کو بھیجا گیا۔

سنوبر شیخ نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ جب تک ان کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، فلم کی ریلیز کو روکا جائے یا منسوخ کیا جائے۔ نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم میں حسین اُسترا کو ممکنہ طور پر منفی انداز میں دکھایا گیا ہے، جس سے خاندان کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ 10 جنوری کو جاری کیے گئے فلم کے ٹیزر میں بتایا گیا ہے کہ ’او رومیؤ‘ حقیقی واقعات سے متاثر ہے۔ تاہم، فلم سازوں نے کسی حقیقی کردار پر مبنی ہونے کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں کی۔

فلم کی کاسٹ میں شاہد کپور، ترپتی ڈمری اور دیگر فنکار شامل ہیں، اور یہ فلم 13 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ تاحال پروڈیوسرز یا ہدایت کار کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button