بھارت اور پاکستان کے پنجاب کے درمیان محبت اور ثقافتی قربت کی عکاسی
بھارت اور پاکستان کے پنجاب کے درمیان صدیوں پر محیط محبت، ثقافتی قربت اور باہمی احترام کا رشتہ رہا ہے، جس کا اظہار اکثر دونوں ممالک کی معروف شخصیات اپنے تجربات کے ذریعے کرتی ہیں۔
حال ہی میں نامور بھارتی مصنفہ اور سینئر صحافی شیبا اسلم فہمی نے اپنے پوڈکاسٹ ’کنٹو پرنتو ود شیبا‘ میں پاکستان کے بارے میں نہایت مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ایسا کوئی بھارتی نہیں ملا جو پاکستان جا کر منفی رائے دے، بلکہ وہاں جانے والے بھارتی ہمیشہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، محبت اور خلوص کے قصے سناتے ہیں۔
شیبا نے مزید بتایا کہ کرکٹرز اور مشہور شخصیات بھی یہ بیان کر چکی ہیں کہ پاکستانی دکاندار کئی بار ان سے پیسے لینے سے انکار کر دیتے ہیں۔
پوڈکاسٹ میں ان کے ساتھی، ایوارڈ یافتہ بھارتی صحافی شِو اندَر سنگھ نے بھی 2024 کے پاکستان کے دورے کا دلچسپ تجربہ شیئر کیا۔ ان کے مطابق، پاکستانی دوستوں نے انہیں اتنے تحائف دیے کہ اضافی سوٹ کیس خریدنا پڑا، جسے دکاندار نے مفت فراہم کیا۔ ایک دکاندار نے کپڑوں کے پیسے لینے سے انکار کیا اور ملک شیک پلایا، ساتھ ہی ڈیڑھ گھنٹے تک اپنی دادی کے قصے بھی سنائے کہ کیسے وہ لدھیانہ سے لاہور تک پہنچیں۔
شِو اندَر سنگھ کے مطابق، پاکستانی عوام بھارتی فلموں، اداکاروں اور پنجابی ثقافت سے گہری محبت رکھتے ہیں، اور یہی مشترکہ ثقافتی رشتہ دونوں پنجابوں کو جوڑے رکھتا ہے۔






