انٹرٹینمنٹ

صدر پوٹن کی کارٹون میں انٹری، بچوں کے مشہور روسی کارٹون میں نظر آ گئے

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اس بار روایتی سیاسی حکمتِ عملی کے بجائے کارٹون کی دنیا میں قدم رکھ کر سب کو حیران کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پوٹن بچوں میں مقبول روسی کارٹون پروسٹوکواشینو میں نمودار ہوئے، جہاں انہوں نے باتیں کرنے والی بلی اور کتے کے ساتھ اسکرین شیئر کی اور اپنی قوم کو نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔

کارٹون میں افسانوی گاؤں پروسٹوکواشینو کے باسی اس وقت دنگ رہ گئے جب انہوں نے روس کے صدر کو اپنے پسندیدہ کرداروں کے ساتھ دیکھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صدر پوٹن کا کردار کسی کارٹون میں پیش کیا گیا، جو نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کے لیے بھی خاصی دلچسپی کا باعث بنا۔

ماسکو میں واقع پروسٹوکواشینو تھیم پارک میں بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین نے بھی کارٹون میں صدر کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا۔ مرینا نامی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ
“کارٹون میں تو سب کچھ ممکن ہوتا ہے، پھر پوٹن کی انٹری کیوں نہیں؟”

ایک اور خاتون نے کہا کہ بچے پہلے ہی صدر پوٹن سے واقف ہیں، اس لیے انہیں کارٹون میں دیکھنا ان کے لیے مزید دلچسپ ہوگا، جبکہ غیر ملکی ناظرین کے لیے بھی یہ ایک منفرد تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔

صدر پوٹن کو کارٹون کی شکل میں پیش کرنے کا یہ منفرد خیال روس کے معروف اینیمیشن اسٹوڈیو سویوزملتفلم کی بورڈ چیئرپرسن یولیانا سلاشیوا کا تھا۔ ان کے مطابق روس اپنے کارٹون سابق کمیونسٹ ممالک، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر خطوں میں فروخت کرتا ہے اور اب چین میں بھی اپنی ثقافتی موجودگی بڑھانے کا خواہاں ہے۔

یولیانا سلاشیوا نے واضح کیا کہ پروسٹوکواشینو میں صدر پوٹن کی شمولیت کو ’’سافٹ پاور‘‘ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد روسی ثقافت، اقدار اور قومی تشخص کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔

صدر کی یہ غیر متوقع کارٹون انٹری سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اسے کبھی دلچسپ تو کبھی حیران کن قرار دے رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button