انٹرٹینمنٹ

ندا یاسر کا چونکا دینے والا انکشاف، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

معروف میزبان، اداکارہ اور پروڈیوسر ندا یاسر کے ایک حالیہ انکشاف نے سوشل میڈیا پر خاصی ہلچل مچا دی ہے اور صارفین اس پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

ندا یاسر اس وقت بھی پاکستان کی سب سے مقبول مارننگ شو میزبانوں میں شمار ہوتی ہیں اور طویل عرصے تک ایک ہی شو کی میزبانی کرنے کا منفرد اعزاز اپنے نام رکھتی ہیں۔ انہوں نے ڈراموں میں بھی کام کیا ہے، ان کے والد بھی ڈراما انڈسٹری کی نامور شخصیت رہے ہیں جبکہ شوہر یاسر نواز بھی شوبز کی معروف شخصیت ہیں۔

اگرچہ ندا یاسر نے اداکاری اور پروڈکشن میں بھی خود کو منوایا، مگر انہیں اصل شہرت ان کے مارننگ شو سے ملی، جس کی وہ گزشتہ 17 برس سے مسلسل میزبانی کر رہی ہیں اور آج بھی یہ شو ناظرین میں بے حد مقبول ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ندا یاسر اپنے دلچسپ اور بعض اوقات متنازع بیانات کے باعث بھی خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ندا یاسر نے انکشاف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے سر میں جوؤں کی بھرمار ہو گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دبئی سے ہیئر ایکسٹینشنز لگوائی تھیں، جو مکمل طور پر بالوں میں سلوائی گئی تھیں اور دیکھنے میں نہایت خوبصورت لگ رہی تھیں۔

ندا یاسر کے مطابق لمبے بال پا کر وہ بے حد خوش تھیں اور باقاعدگی سے ان ایکسٹینشنز کو شیمپو بھی کرتی تھیں، تاہم شیمپو کے بعد ان کے قدرتی بال تو جلدی خشک ہو جاتے تھے لیکن جس حصے میں ایکسٹینشنز لگی ہوتی تھیں وہ اکثر نم رہتا تھا۔ اسی نمی کی وجہ سے وہ جگہ جوؤں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مسئلہ سامنے آتے ہی وہ فوراً پارلر گئیں اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے ہیئر ایکسٹینشنز اتروا دیں۔

ندا یاسر کے اس اعتراف پر سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل ملا جلا ہے۔ کچھ لوگ ان کی ایمانداری اور کھل کر بات کرنے کے انداز کو سراہ رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین اس انکشاف پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم کئی افراد کا کہنا ہے کہ ایسی باتوں پر کھل کر گفتگو دوسروں کے لیے آگاہی کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button