انٹرٹینمنٹ

مشی خان کی جانب سے شادی شدہ مردوں کی بے وفائی پر سخت سوالات، سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز

پاکستان کی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے حالیہ دنوں میں کرکٹر عماد وسیم اور دیگر شادی شدہ مردوں کے مبینہ بے وفائی کے رویے پر سخت سوالات اٹھا کر سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ مشی خان اپنی دوٹوک رائے اور سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں، اور اس وقت وہ ایک مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں۔

مشی خان نے اپنی ایک ویڈیو پیغام میں اُن مردوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو شادی کے باوجود دوسری عورتوں سے تعلقات قائم کرتے ہیں اور بعد میں اپنی بیویوں اور بچوں کو بوجھ قرار دینے لگتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ "جب آپ کو معلوم ہے کہ آپ کی بیوی کے ساتھ اختلافات ہیں اور رشتہ نبھایا نہیں جا رہا، تو پھر دوسری عورتوں کے ساتھ پارٹیز کیوں کرتے ہیں؟”

مشی خان کا کہنا تھا کہ یہ مرد بعد میں یہی جواز پیش کرتے ہیں کہ وہ کسی دوسری عورت کے عشق میں مبتلا ہو گئے ہیں اور خود کو پھنسا ہوا محسوس کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ اپنی فیملی کو بوجھ سمجھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اگر آپ نے خاندان بنایا ہے تو اس کی تمام ذمہ داریاں بھی نبھانی ہوں گی، چاہے وہ سابقہ بیوی ہو یا بچے۔ بعد میں یہ کہنا کہ ‘ساری جائیداد والدین کے نام کر دی’ یا ‘یہ یا وہ بہانہ’ یہ سب غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔”

مشی خان کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور ردعمل دیا۔ کئی صارفین نے ان کے مؤقف کو سراہا اور ایسے مردوں پر شدید تنقید کی جو شادی کے بعد بے وفائی کرتے ہیں۔ بعض افراد نے مشی خان کی پوسٹ میں براہِ راست کرکٹر عماد وسیم کو بھی ٹیگ کیا، جبکہ کچھ صارفین نے ایسے مردوں کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے والوں کا کہنا تھا کہ مشی خان نے ایک حساس مگر اہم موضوع پر کھل کر بات کی ہے، جو ہمارے معاشرے میں اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق، یہ مسائل ہمارے معاشرتی ڈھانچے کا حصہ ہیں، اور ایسے موضوعات پر بات چیت ضروری ہے تاکہ معاشرتی اصلاحات کی طرف قدم بڑھایا جا سکے۔

مشی خان کی اس ویڈیو نے ایک بار پھر شادی اور خاندان کے تعلقات کے حوالے سے معاشرتی رویوں پر سوالات اُٹھا دیے ہیں اور ان کی آواز نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز کیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button