ممبئی میں شوٹنگ کے دوران حادثہ، ہدایتکار ساجد خان کی سرجری مکمل
ممبئی میں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے کے بعد معروف بھارتی فلم ہدایتکار ساجد خان کی سرجری کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 55 سالہ ساجد خان ایکتا کپور کے ایک پراجیکٹ کی شوٹنگ کے سلسلے میں سیٹ پر موجود تھے کہ اس دوران ان کے پاؤں میں فریکچر ہو گیا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر طبی امداد اور سرجری کی ضرورت پیش آئی۔
ساجد خان کی بہن اور معروف فلم ساز و کوریوگرافر فرح خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 28 دسمبر کو ساجد خان کی سرجری کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے۔ فرح خان کے مطابق ساجد خان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ اب خیریت سے ہیں۔
واضح رہے کہ ساجد خان طویل وقفے کے بعد بطور ہدایتکار فلمی دنیا میں واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کی آخری ہدایتکاری میں بننے والی فلم ہمشکلز 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔
حادثے کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے ساجد خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔






