کمار سانو نے سابقہ اہلیہ ریٹا بھٹہ چاریہ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا
ممبئی: بھارتی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار کمار سانو ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی نیا گانا نہیں بلکہ قانونی تنازع ہے۔ گلوکار نے اپنی سابقہ اہلیہ ریٹا بھٹہ چاریہ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے، جس نے شوبز حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمار سانو نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹا بھٹہ چاریہ نے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر دیے گئے انٹرویوز میں ان پر جھوٹے اور توہین آمیز الزامات عائد کیے، جس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ گلوکار کے مطابق یہ بیانات نہ صرف ان کی عزت پر حملہ ہیں بلکہ 2001 میں طلاق کے معاہدے کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔
درخواست میں کمار سانو نے عدالت کو بتایا کہ ان الزامات کے باعث انہیں ذہنی اذیت، سماجی بدنامی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی بنیاد پر انہوں نے عدالت سے 30 لاکھ روپے ہرجانے، متنازعہ انٹرویوز کو فوری طور پر ہٹانے، اور مستقبل میں ایسے بیانات سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ ریٹا بھٹہ چاریہ نے ستمبر 2025 میں وائرل ہونے والے انٹرویوز میں کمار سانو پر حمل کے دوران بدسلوکی، طبی سہولتوں سے محرومی، بے وفائی اور خاندانی غفلت جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے، جنہیں گلوکار نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
کمار سانو کے مطابق دونوں کے درمیان 2001 میں باندرہ فیملی کورٹ کے ذریعے باہمی رضامندی سے طلاق ہوئی تھی، اور اس کے بعد ایسے بیانات معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت 17 دسمبر کو متوقع ہے۔
یاد رہے کہ کمار سانو نے پہلی شادی 1986 میں ریٹا بھٹہ چاریہ سے کی تھی، جن سے ان کے بیٹے جان کمار سانو ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے 2001 میں سالونی بھٹہ چاریہ سے شادی کی، جن سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔






