زیورخ فلم فیسٹیول میں دنیا کی پہلی اے آئی اداکارہ "ٹلی نورووڈ” کی رونمائی، فلمی دنیا میں نئی بحث چھڑ گئی
ویب ڈیسک: زیورخ فلم فیسٹیول 2025 میں دنیا کی پہلی مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی ڈیجیٹل اداکارہ ٹلی نورووڈ کی پیشکش نے عالمی فلمی حلقوں میں تحیر، تجسس اور بحث کو جنم دے دیا ہے۔
اس منفرد ڈیجیٹل اداکارہ کو متعارف کروانے کا سہرا تخلیق کار، اداکارہ اور پروڈیوسر ایلین وین ڈر ویلڈن کو جاتا ہے، جنہوں نے اسے ’’فن کے اظہار کی نئی جہت‘‘ قرار دیا ہے۔
اے آئی سے تخلیق، انسانوں کی جگہ؟ یا فن کی نئی شکل؟
اسٹوڈیو زیکویا کی جانب سے تخلیق کردہ اس ورچوئل اداکارہ کی رونمائی کو ابتدا میں کئی حلقوں نے شکوک و شبہات کی نگاہ سے دیکھا، مگر فیسٹیول میں پیش کیے جانے کے بعد ٹیلنٹ ایجنٹس، پروڈیوسرز اور فلم سازوں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔
کئی ایجنٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ٹلی نورووڈ کو فلمی پروجیکٹس میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
ٹلی نورووڈ کی خالق کا مؤقف
ایلین وین ڈر ویلڈن نے ایک وضاحتی بیان میں کہا:
"ٹلی نورووڈ کا مقصد انسانوں کی جگہ لینا نہیں، بلکہ یہ ایک تخلیقی تجربہ ہے، بالکل ویسے ہی جیسے اینیمیشن، کٹھ پتلی تماشا یا سی جی آئی (CGI)۔ ٹیکنالوجی انسانی فنِ اداکاری کی روح اور جذبے کو نہیں بدل سکتی۔”






