چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم متنازع بھارتی فلم ’دھریندر‘ کا جواب دیں گی
کراچی: سندھ پولیس کے شہید افسر چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان مخالف بھارتی فلم ’دھریندر‘ کے جواب میں اپنے شوہر کی زندگی اور خدمات پر مبنی فلم یا ڈرامہ بنائیں گی۔
نورین اسلم نے کراچی پریس کلب میں نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فلم میں چوہدری اسلم کے کردار کو صرف لیاری آپریشن تک محدود کر دیا گیا ہے اور انسدادِ دہشت گردی میں ان کی دیگر خدمات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے چوہدری اسلم کے کردار کو کم کر کے پیش کیا، حالانکہ انہوں نے ٹی ٹی پی کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور خطرناک نیٹ ورکس کا سامنا کیا۔
نورین اسلم نے وضاحت کی کہ فلم بنانے کا مقصد ان کے شوہر کی خدمات اور قربانیوں کو مکمل طور پر سامنے لانا ہے، تاکہ چوہدری اسلم کی اصل میراث اور سروس کا درست خاکہ پیش کیا جا سکے۔
یہ بیانات بھارتی فلم ’دھریندر‘ کی 5 دسمبر کو ریلیز کے بعد سامنے آئے، جس میں کراچی کو بار بار دھماکوں اور تشدد کے مناظر تک محدود دکھایا گیا ہے، اور جس پر پاکستانی اور بھارتی ناظرین میں شدید بحث جاری ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری اسلم خان سواتی نے 1980 سے 2014 تک سندھ پولیس میں خدمات انجام دیں اور کراچی میں منظم جرائم، شدت پسند نیٹ ورکس اور گینگز کے خلاف متعدد آپریشنز کی قیادت کی۔ 9 جنوری 2014 کو لیاری ایکسپریس وے پر کار بم حملے میں وہ اپنے گارڈ، ڈرائیور اور دو پولیس اہلکاروں کے ہمراہ شہید ہو گئے تھے۔






