رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے 10 دن کی حفاظتی ضمانت مل گئی
اسلام آباد: برطانیہ سے بے دخلی کے بعد پاکستان واپس آنے والے یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے خلاف گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کیسز پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کراچی میں بھی مقدمات زیر سماعت ہیں، لہٰذا کم از کم 15 روز کی ضمانت دی جائے۔
عدالت نے ان درخواستوں کی سماعت کے بعد رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی اور ریمارکس دیے کہ یہ راہداری ضمانت ہے، متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیں۔
اس سے قبل دونوں یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں داخل ہوئے۔ اس حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رجب بٹ نے کہا کہ یہ میری گاڑی نہیں ہے، لفٹ لی ہے، جبکہ گاڑی چلانے والے شخص نے کہا کہ یہ میری گاڑی ہے اور میں نے ان کو ساتھ بیٹھا لیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے پر گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا تھا تاکہ وہ وطن واپسی کے بعد مقدمات کا سامنا کر سکیں۔






