عاطف اسلم نے انٹرویو پر معاوضہ لینے کے شائعات پر وضاحت کر دی
معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے ذاتی اور کیریئر سے متعلق معاملات پر کھل کر بات کی اور انٹرویو دینے کے معاوضے کے حوالے سے گردش کرنے والے شائعات پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں ہر شو یا پروگرام میں شرکت کرنا ضروری نہیں سمجھتے۔ عاطف اسلم نے وضاحت کی کہ اگر کوئی کہتا ہے کہ وہ بھاری رقم لیتے ہیں تو اس کا مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ وہ شخص انہیں اپنے شو پر مدعو کرنا چاہتا ہے اور ساتھ ہی دنیا کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
گلوکار نے مزید کہا کہ اللہ نے انہیں بہت عزت دی ہے اور اگر کبھی مصروفیات کے سبب وہ کسی پروگرام میں شرکت نہ کر سکیں تو اس پر شائقین کی باتیں ضرور ہوتی ہیں، لیکن وہ اسے جواب دینے کے قابل نہیں سمجھتے۔
عاطف اسلم نے لوگوں کے رویوں پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ لوگ تب تک اچھے رہتے ہیں جب تک ان کا کام چل رہا ہوتا ہے، ورنہ رویے بدل جاتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ یہ رویہ تکبر نہیں بلکہ حالات کی عکاسی ہوتا ہے۔
کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاطف اسلم نے بتایا کہ 18 سال کی عمر میں ہی انہوں نے دنیا کو فتح کرنے کا حوصلہ حاصل کر لیا تھا اور مداحوں کی محبت ہمیشہ ان کے لیے حیرت انگیز رہی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی دوڑ میں انسان بہت سے اہداف حاصل کرتا ہے، لیکن جب سب مکمل ہو جاتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ بھی نہیں۔ اسی لیے زندگی میں رکنا ضروری ہے تاکہ انسان اپنے حاصل کردہ لطف سے لطف اندوز ہو سکے۔






