یوٹیوبر ڈکی بھائی نے 100 روزہ خاموشی کے بعد بڑا اعلان کردیا
معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے جوا ایپس کیس میں گرفتاری سے رہائی تک 100 روز تک خاموش رہنے کے بعد اب اپنا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ڈکی بھائی نے کہا کہ “100 روز تک ایک بھی لفظ نہ بولنے کے بعد آج شام 6 بجے میں اپنی خاموشی توڑ دوں گا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین اس لمحے کو فراموش نہیں کر سکیں گے۔
ڈکی بھائی کو 17 اگست کو جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو ضمانت پر رہا کیا۔
رہائی کے چند روز بعد ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام پر بتایا تھا کہ وہ اس وقت سوشل میڈیا سے وقفہ لے رہے ہیں۔ اس دوران نہ انہوں نے کوئی نیا مواد بنایا اور نہ ہی کسی کے ساتھ تصاویر بنوائی ہیں۔
عروب جتوئی نے فالوورز سے درخواست کی تھی کہ وہ افواہوں یا جھوٹی معلومات پر یقین نہ کریں، کیونکہ ڈکی بھائی جلد واپسی کریں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں اپنا یوٹیوب سفر دوبارہ شروع کریں گے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ شام 6 بجے ڈکی بھائی کس انداز میں اپنی خاموشی توڑتے ہیں اور اپنی واپسی کا اعلان کرتے ہیں۔






