شاہ رُخ خان نے بتا دی "ٹو مچ” میں غیر موجودگی کی وجہ، کاجول اور ٹوئنکل کھنہ سے کی معذرت
ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رُخ خان نے بالآخر یہ راز کھولا کہ وہ کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے نئے ٹاک شو "ٹو مچ” میں ابھی تک کیوں نہیں دکھائی دیے۔
شو کے آغاز سے ہی مداح اس بات پر حیران تھے کہ جب سلمان خان، عامر خان، عالیہ بھٹ اور کرن جوہر جیسے بڑے نام شامل ہو چکے ہیں، تو شاہ رُخ خان کی غیر موجودگی کی وجہ کیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے 60 سالہ اداکار نے اپنے روایتی انداز میں سچائی اور مزاح کے ساتھ بتایا کہ وہ اس وقت اپنی فلم "کنگ” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور حال ہی میں اُن کے بازو میں چوٹ بھی آئی تھی، جس کی وجہ سے وہ شو میں شامل نہیں ہو سکے۔
شاہ رُخ خان نے مزید کہا کہ انہیں شو میں آنا خوشی دیتا، لیکن شو میں موجود کھانے کا وہ سیگمنٹ ان کے لیے سب سے مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کاجول اور ٹوئنکل سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ وہ شو میں شامل نہیں ہو سکے، لیکن انہوں نے تمام اقساط دیکھ کر اس کا کفارہ ادا کیا ہے۔
اداکار شاہ رُخ اور کاجول کی دوستی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ حال ہی میں دونوں نے لندن میں اپنی مشہور فلم "دل والے دلہنیا لے جائیں گے” کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے مشہور پوز کے کانسی کے مجسمے کی رونمائی بھی کی۔






