مردہ زمین پر ترقی ممکن نہیں، بھارتی اداکارہ نے فضائی آلودگی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
دہلی: بھارتی اداکارہ ریچا چڈھا نے دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور خطرناک حد تک خراب فضائی معیار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی اور اس کے قریبی اضلاع میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 377 تک پہنچ چکا ہے، جو شہریوں کے لیے انتہائی مضر صحت قرار دیا جا رہا ہے۔
ریچا چڈھا، جو 2010 میں دہلی سے ممبئی منتقل ہو گئی تھیں، آج بھی اکثر اپنے شہر دہلی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا، "دہلی کی سردیاں کبھی لوگوں کا پسندیدہ موسم ہوتی تھیں، ہم چھت پر بیٹھ کر گجک اور مونگ پھلی سے لطف اندوز ہوتے تھے، لیکن آج حالات دیکھ کر دل دکھتا ہے اور بہت افسوس ہوتا ہے۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر حصے بھی بری فضا سے محفوظ نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ممبئی کا AQI بھی 200 سے 300 کے درمیان رہتا ہے، جبکہ 50 یا 100 سے اوپر کی فضاء غیر محفوظ سمجھی جاتی ہے۔
ریچا نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ترقی کی اس دوڑ میں ہم آخر کس قیمت کی ادائیگی کر رہے ہیں؟ جب عام لوگ سانس ہی نہیں لے سکتے تو یہ بڑے بڑے منصوبے کس کے لیے بن رہے ہیں؟
انہوں نے ماحولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مردہ زمین پر کوئی ترقی ممکن نہیں، اور نہ ماحول کے بغیر معیشت قائم رہ سکتی ہے۔ ریچا چڈھا کا کہنا ہے کہ فلمیں ماحول سے متعلق مسائل جیسے نقل مکانی، فصلوں کی تباہی اور موسمیاتی تبدیلی کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچا سکتی ہیں۔






