ڈکی بھائی جیل سے رہائی کے بعد پہلی بار میڈیا کے سامنے، مداح پریشان
پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور وی لاگر ڈکی بھائی جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آئے تو اُن کی حالت دیکھ کر مداح پریشان ہوگئے۔
ڈکی بھائی تقریباً چار ماہ جیل میں گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔ وہ مبینہ جوئے کی ایپس کیس میں گرفتار تھے اور ان کی ضمانت کئی بار مسترد ہو چکی تھی۔
رہائی کے بعد ڈکی بھائی اپنی اہلیہ اروب جتوئی اور وکلا کے ہمراہ مجسٹریٹ کورٹ پہنچے، جہاں بڑی تعداد میں میڈیا موجود تھی۔ رپورٹرز نے بار بار سوالات کیے لیکن ڈکی بھائی نے کوئی جواب نہیں دیا اور خاموشی سے آگے بڑھتے رہے۔
میڈیا کے کیمروں، موبائل فونز اور مائیک کی دھکم پیل کے دوران وہ واضح طور پر پریشان اور ذہنی دباؤ میں نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈکی بھائی ذہنی طور پر کمزور دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ میڈیا کا رویہ ہراسانی کے مترادف تھا۔
ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ اروب کی ایک ساتھ پہلی جھلک بھی منظر عام پر آئی، جس پر مداحوں نے دونوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔






