پنجابی گلوکار ہرمن سدھو ٹریفک حادثے میں جاں بحق
بھارت کے معروف پنجابی گلوکار ہرمن سدھو ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کی شام پنجاب کے ضلع مانسا میں پیش آنے والے حادثے میں گلوکار کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
رپورٹس کے مطابق ہرمن سدھو اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ مانسا–پٹیالہ روڈ پر ایک پیلس کے قریب ان کی گاڑی کو شدید حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہوگئی اور گلوکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ان کی عمر 37 برس تھی۔
ہرمن سدھو نے اپنے مقبول گانے ’پیپر جا پیار‘ سے شہرت حاصل کی اور ان کی سادہ طبیعت اور منفرد آواز نے انہیں مقامی شائقین میں بے حد مقبول بنایا۔ ان کی ناگہانی موت نے بھارتی شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
ان کے مشہور گانوں میں ’کوئی چکر نئیں‘، ’بیبے باپو‘، ’ببّر شیر‘، ’ملتان VS رشیا‘ شامل ہیں۔ گلوکار کے انتقال پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار جاری ہے۔






