انٹرٹینمنٹ

’گالیاں پڑتی ہیں‘، تنقید کے باوجود ٹک ٹاکر وردہ ملک کی 15 منٹ کی آمدن 1 لاکھ روپے سے زائد

ٹک ٹاک کی معروف انفلوئنسر وردہ ملک حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں جذباتی ہو گئیں، جہاں انہوں نے اپنے کام، کمائی اور معاشرے کی تنقید پر کھل کر گفتگو کی۔ انٹرویو کے دوران وہ اپنے ساتھ ہونے والے رویے کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑیں۔
وردہ ملک نے بتایا کہ اگر وہ ٹک ٹاک پر کام نہ کر رہی ہوتیں تو گھر کے اخراجات، والد کے بائی پاس اور بھائی کی شادی جیسے بڑے مسائل حل کرنا ممکن نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے سامنے دو ہی راستے تھے:
"یا تو کسی امیر مرد سے شادی کر کے ظلم برداشت کرتی، یا خود محنت کر کے پیسے کماتی… اور میں نے دوسرا راستہ چُنا۔”
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے حوالے سے ٹک ٹاکر نے اشکبار لہجے میں کہا کہ لوگ انہیں غلط کہیں یا صحیح، انہیں ہمیشہ گالیاں دی جاتی ہیں، اور کسی بھی باعزت انسان کی طرح یہ سب انہیں تکلیف پہنچاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک شادی کی تقریب میں لوگوں کی جانب سے کہے گئے الفاظ ناقابلِ برداشت تھے، تاہم وہ ان سب کے باوجود اپنا کام جاری رکھیں گی۔
وردہ ملک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ویڈیوز بنانے کی وجہ سے انہیں اپنے اہلِ خانہ کی مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، لیکن گھر کی صورتحال انہیں کام جاری رکھنے پر مجبور کرتی ہے۔
کمائی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ 15 سے 20 منٹ کی لائیو سیشن میں 1 لاکھ 20 ہزار روپے تک کما لیتی ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ لائیو سیشن کے دوران کچھ فالوورز ان سے نامناسب خواہشات کرتے ہیں، جو انہیں تکلیف دیتی ہیں۔
پوڈکاسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر دو طرح کی آرا سامنے آئیں۔ ایک طبقے نے وردہ ملک کے مؤقف اور دفاع کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ دوسرے نے اینکر ریحان طارق کے سوالات اور مداخلت پر انہیں بھی سخت آڑے ہاتھوں لیا۔
یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر زیرِ بحث ہے، جہاں لوگ ٹک ٹاک کلچر، معاشرتی رویوں اور خواتین کریئیٹرز کو درپیش چیلنجز پر مختلف رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button