ڈیڑھ کروڑ میں 35 کلو سونا کہاں ملتا ہے؟ مشی خان نے ڈاکٹر نبیہا کو آڑے ہاتھوں لے لیا
کراچی: اداکارہ و میزبان مشی خان نے حال ہی میں دوسری بار شادی کرنے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان کے متضاد دعوؤں پر طنز کیا ہے۔
مشی خان نے کہا کہ “پینتیس کلو وزنی زیورات کا سیٹ تو امبانی کی شادی میں بھی کسی نے نہیں پہنا ہوگا، آخر کون سی دکان ہے جہاں ڈیڑھ کروڑ روپے میں اتنا سونا مل رہا ہے؟”۔ انہوں نے مزید کہا کہ سونے کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے اور اگر واقعی ایسی دکان ہے تو سب وہیں خریداری کریں گے۔
اداکارہ نے ڈاکٹر نبیہا پر اس بات کے لیے بھی تنقید کی کہ ایسے معاشرے میں جہاں لوگ بنیادی ضرورت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، وہاں اس قسم کے دکھاوے مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہا علی خان نے حال ہی میں اپنے دیرینہ دوست حارث کھوکھر سے شادی کی، جس کا نکاح معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھایا۔ نکاح کی تقریب اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
نبیہا نے اپنی شادی کے موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے 35 کلو وزنی سونے کا سیٹ پہنا، جس کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی گئی، جبکہ ان کے عروسی لباس کی قیمت بھی ایک کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔






