کترینہ کیف کی تصاویر وائرل، مبینہ حمل کی خبروں پر مداحوں کا شدید ردِعمل
ممبئی (شوبز ڈیسک) — بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں جب ان کی مبینہ طور پر حاملہ ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک آن لائن میڈیا پورٹل نے کترینہ کیف کی چند نجی تصاویر شیئر کیں جو مبینہ طور پر ان کے ممبئی کے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں لی گئی تھیں۔ ان تصاویر میں اداکارہ کو ڈھیلے کپڑوں میں دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حاملہ ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
تاہم، صارفین کی بڑی تعداد نے اداکارہ کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر سخت غصے کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان تصاویر کو ہٹانے اور انہیں شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی اس معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشہور شخصیات کی ذاتی زندگیوں میں اس طرح کی مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف اور ان کے شوہر وکی کوشل نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو خوشخبری دیتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔






