نصیبو لال نے بیٹے کی پیدائش کی خبروں کی تردید کردی — "میں دادی بنی ہوں، ماں نہیں”
لاہور: پاکستان کی معروف پنجابی پلے بیک گلوکارہ نصیبو لال نے اپنے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ’بیٹے کی پیدائش‘ کی خبروں کی وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری اپنی پوسٹ اور اسٹوریز میں نصیبو لال نے کہا:
“الحمدللّٰہ، میں دادی بن گئی ہوں، آپ سب کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔”
گلوکارہ نے اپنے پوتے کی تصویر بھی شیئر کی اور مداحوں سے کہا کہ
“بیٹے کے لیے کوئی خوبصورت اور منفرد نام تجویز کریں۔”
نصیبو لال نے مداحوں کو جعلی خبروں سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتوں پر یقین کرنے سے پہلے تصدیق ضرور کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں متعدد سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز نے یہ غلط دعویٰ کیا تھا کہ نصیبو لال کے ہاں 55 سال کی عمر میں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر مداحوں نے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔
تاہم گلوکارہ کی جانب سے اب یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ وہ دادی بنی ہیں، خود ماں نہیں۔






