کراچی سے متعلق بیان پر تنقید — صبا قمر کا معنی خیز ردعمل سامنے آگیا
کراچی: معروف اداکارہ صبا قمر نے کراچی سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد معنی خیز ردعمل دے دیا۔
صبا قمر، جو پاکستان کی صفِ اول کی باصلاحیت اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، اپنے منفرد کرداروں، حقیقت پسندی اور واضح مؤقف کے باعث خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ تاہم حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران دئیے گئے ایک مختصر جواب نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا۔
پوڈکاسٹ میں ان سے سوال کیا گیا:
“کیا آپ ہمیشہ کے لیے کراچی منتقل ہونا چاہیں گی؟”
اس پر صبا قمر نے لمحے بھر کی تاخیر کے بغیر جواب دیا: "استغفراللہ”۔
ان کے اس جملے پر کراچی کے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیا، بعض نے اداکارہ سے معافی کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ نے یاد دلایا کہ کراچی ہی وہ شہر ہے جہاں سے صبا قمر نے اپنا کیریئر مضبوط کیا۔
دو روز کی خاموشی کے بعد صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس معاملے پر ردعمل دیا۔ انہوں نے لکھا:
“میں مصروف تھی، اب دیکھا کہ میرے ایک خیال یا جملے کو بریکنگ نیوز بنا دیا گیا۔”
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ صرف اپنی ذاتی رائے اور احساسات کا اظہار کر رہی تھیں۔
دوسری جانب، اداکارہ عفت عمر صبا قمر کے دفاع میں سامنے آئیں اور کہا:
“جب کراچی واقعی گندا ہے تو پھر کسی کو کیوں مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ اسے پسند کرے؟”
سوشل میڈیا پر یہ بحث تاحال جاری ہے — کچھ صارفین صبا قمر کی ایمانداری کی تعریف کر رہے ہیں، تو کچھ اسے کراچی کے خلاف نازیبا تبصرہ قرار دے رہے ہیں۔






