ماہرہ خان نے چہرے میں تبدیلی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی
کراچی (شوبز ڈیسک) —
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے چہرے میں مبینہ تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بالآخر ردِعمل دے دیا۔
ماہرہ خان، جو ہمسفر، شہرِ ذات، صدقے تمہارے، بن روئے، ہم کہاں کے سچے تھے اور رضیہ جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان دنوں اپنی نئی فلم "نیلوفر” کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اداکارہ کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 17 لاکھ (11.7 ملین) سے زائد مداح موجود ہیں۔
حال ہی میں فلم نیلوفر کی پروموشنل تقریب کے دوران ماہرہ خان کے چہرے کے بدلے ہوئے خدوخال نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ شاید اداکارہ نے کاسمیٹک سرجری یا بوٹوکس کروایا ہے، جن میں لِپ فلرز اور آئی برو لفٹ جیسی تبدیلیوں کا ذکر کیا جا رہا تھا۔
تاہم ماہرہ خان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ان تمام چہ مگوئیوں کی واضح تردید کر دی۔ ویڈیو میں مسکراتے ہوئے اداکارہ نے کہا:
“میں ابھی لاہور سے واپس آئی ہوں، اور سن رہی ہوں کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں نے آئی برو لفٹ کروائی ہے۔ کیا میں آپ کو اپنی آئی برو لفٹنگ کی صلاحیت دکھاؤں؟”
یہ کہہ کر ماہرہ نے اپنی بھنویں ویسے ہی اٹھائیں جیسے ان کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا تھا، جس پر مداحوں کے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی۔
بعد ازاں اداکارہ نے ایک تنقیدی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے مزید وضاحت کی کہ:
“آپ سب کے پیار کا شکریہ، لیکن میں ابھی فیس لفٹ کیوں کرواؤں گی؟ میرے میک اَپ آرٹسٹ نے بالوں کے ذریعے ‘سنجھد لک’ دینے کے لیے کچھ ہیئر لفٹ تکنیک استعمال کی تھی، جو دو حصوں میں کی گئی تھی اور شاید وہ ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی — خیر، سبق سیکھ لیا!”
ماہرہ خان کے مداحوں نے ان کے باوقار، نرم گفتار اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی خوبیاں انہیں شوبز انڈسٹری میں سب سے منفرد بناتی ہیں۔






