انٹرٹینمنٹ

پاک بھارت کشیدگی کے سائے میں سوشل میڈیا پر نئی بحث، عروہ حسین کا پیغام وائرل

کراچی: پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جہاں دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ بڑھ رہا ہے، وہیں اس کا اثر سوشل میڈیا اور شوبز انڈسٹری پر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ حال ہی میں معروف اداکارہ عروہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک معنی خیز اسٹوری شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے قومی وقار، عزت نفس اور سوشل میڈیا رویے پر بات کی۔

عروہ حسین نے اپنے پیغام میں لکھا: "پروپیگنڈا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگوں میں استعمال ہوتا ہے، اور بدقسمتی سے ہم اسے دہائیوں سے بھگت رہے ہیں۔ جب جنگ ہوتی ہے تو آپ کو اپنی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا: "اپنے گھر کا سب سے پہلے خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے۔”

اگرچہ عروہ نے کسی کا نام نہیں لیا، لیکن سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ ان کا اشارہ اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب تھا، جنہوں نے حالیہ دنوں میں انسٹاگرام پر بھارتی مداحوں سے اظہار تشکر کیا۔ بھارتی صارفین نے وی پی این کے ذریعے ہانیہ کی پوسٹس تک رسائی حاصل کی، جس پر ہانیہ نے محبت بھرا جواب دیا، جسے سوشل میڈیا پر ملی جلی آرا کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں وزیراعظم شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شامل ہیں۔ ان اقدامات پر پاکستان بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

عروہ حسین کے پیغام نے جہاں کئی صارفین کو قومی جذبات کے اظہار کا موقع دیا، وہیں ایک طبقہ فنکاروں کے عالمی مداحوں سے تعلقات کو بھی اہم قرار دے رہا ہے۔ یہ معاملہ اب صرف فنکاروں تک محدود نہیں رہا، بلکہ عوامی اور قومی بیانیے کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button