علیزے شاہ نے انسٹاگرام سے تمام پوسٹس کیوں ڈیلیٹ کردیں؟ اداکارہ کا بیان
کراچی: معروف اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
اداکارہ نے ایک حالیہ ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ اور افسردگی کے دور سے گزر رہی تھیں، اسی دوران انہوں نے وہ تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں جن پر اب انہیں شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔
علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سابقہ پوسٹس مٹا چکی ہیں اور اب کچھ عرصے کے لیے وقفہ لینا چاہتی ہیں تاکہ خود کو بہتر بنا سکیں۔
گزشتہ چند برسوں میں علیزے شاہ نے اپنے انداز اور طرزِ زندگی میں نمایاں تبدیلیاں کیں اور سوشل میڈیا پر بولڈ تصاویر، میوزک ویڈیوز اور فوٹو شوٹس شیئر کرتی رہی ہیں۔ تاہم حالیہ فیصلے کو مداحوں نے مثبت ردِعمل کے ساتھ سراہا ہے۔
ایک صارف نے کمنٹ میں لکھا: "اللہ انہیں ہدایت دے، وہ بہتر بننے کی کوشش کر رہی ہیں، ان پر تنقید نہ کریں۔”
یاد رہے کہ علیزے شاہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا کو خیر باد کہہ چکی ہیں، تاہم گزشتہ کچھ دنوں سے وہ دوبارہ انسٹاگرام پر متحرک نظر آ رہی تھیں۔






