احد رضا میر نے مستقبل میں اپنا چہرہ AI کو بیچنے کا مذاقیہ بیان دے دیا
کراچی، پاکستان:
پاکستان کے معروف اداکار احد رضا میر کا حالیہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ممکن ہے مستقبل میں اپنا چہرہ مصنوعی ذہانت (AI) کو بیچ دوں۔
امریکا میں مداحوں کے ساتھ ملاقات کے دوران احد رضا میر نے ٹیکنالوجی، اداکاری اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت کو ایک ساتھ دلچسپ اور خوفناک تصور کرتے ہیں اور شاید چند سال بعد AI کے ذریعے اپنی خودکار پرفارمنسز تیار کرائیں گے۔
اداکار نے مزید مزاحیہ انداز میں کہا:
"پھر ایک سال میں میرے دس ڈرامے ریلیز ہوں گے اور میں آرام سے بیٹھا رہوں گا۔”
مداح ان کے اس دلچسپ بیان پر قہقہوں سے لوٹ پوٹ ہوگئے۔ احد رضا میر نے تسلیم کیا کہ ٹیکنالوجی شوبز انڈسٹری کو تیزی سے بدل رہی ہے اور مستقبل میں اس کے اثرات مزید نمایاں ہوں گے۔
اپنی نجی زندگی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر وقت گھر پر گزارتے ہیں، فلمیں دیکھتے ہیں، تھیٹر اور سینما کا لطف اٹھاتے ہیں اور آرٹ سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں احد نے کہا کہ انہیں ہر طرح کے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند ہے اور انہوں نے اپنے مقبول ڈرامے عہدِ وفا کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنا بھی ایک نیا اور دلچسپ تجربہ رہا۔
احد رضا میر نے اداکاری کے حوالے سے کہا:
"میرے نزدیک اداکاری کا کوئی طے شدہ فارمولا نہیں، سب کچھ خود بخود ہو جاتا ہے جب میں کردار میں ڈوب جاتا ہوں۔”






