انٹرٹینمنٹ

پاکستان آئیڈل: فواد خان کی جج شپ پر تنقید کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی حمایت

لاہور/اسلام آباد: پاکستان آئیڈل میں فواد خان کی بطور جج شمولیت کے بعد شروع ہونے والی تنقید کے بعد کئی شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران اداکاروں، گلوکاروں اور شائقین نے ناقدین کے بیانات پر ردعمل ظاہر کیا۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب گلوکارہ حمیرا ارشد نے فواد خان کی موسیقی کے شعبے میں مہارت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ ججز کا انتخاب صرف شہرت یا اسپانسرشپ کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے اس بیان پر متعدد فنکاروں نے ردعمل دیا۔

اداکارہ درفشاں نے انسٹاگرام اسٹوری پر فواد خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنا جائز ہے، لیکن قومی ستاروں کے خلاف حد سے زیادہ منفی رویہ شرمناک ہے۔ اداکار نمِیر خان نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کہا کہ پاکستان کو اپنے کامیاب لوگوں کا جشن منانا چاہیے، نہ کہ انہیں نیچا دکھایا جائے، فواد خان ایک لیجنڈ ہیں اور انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں۔

گلوکار اور اداکار ہارون شاہد نے اس تنازع کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فواد خان اور بلال مقصود نے موسیقی میں اپنی قابلیت پہلے ہی ثابت کر رکھی ہے اور یہ بحث وقت اور توانائی کا ضیاع ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی یہ بات واضح کی کہ فواد خان نے اپنی شہرت معروف راک بینڈ اینٹیٹی پیراڈائم (EP) کے مرکزی گلوکار کے طور پر حاصل کی اور ان کا میوزک سے گہرا تعلق کسی سے پوشیدہ نہیں۔ مداحوں کے مطابق، فواد خان کا اسٹیج اور میوزک کا تجربہ انہیں پاکستان آئیڈل کے ججز پینل کے لیے بہترین انتخاب بناتا ہے۔

دوسری جانب پروگرام کے نئے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی یہ بحث زور پکڑ چکی ہے کہ ٹیلنٹ شو کے جج بننے کے لیے اصل معیار کیا ہونا چاہیے: تجربہ، شہرت یا فنی مہارت۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button