معروف کامیڈین برکت علی کا انکشاف: "شادی نہ کرنے کا فیصلہ والدہ کی خدمت کے لیے کیا”
لاہور: پاکستانی معروف کامیڈین برکت علی نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بتا کر ناظرین کو جذباتی کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیمار والدہ کی دیکھ بھال کو اپنی زندگی کی اولین ترجیح سمجھتے ہیں، اور یہی ان کے غیر شادی شدہ رہنے کی بنیادی وجہ ہے۔
"والد کے لیے کچھ نہ کر سکا، ماں کے لیے سب کچھ کرنا چاہتا ہوں”
برکت علی نے گفتگو کے دوران بتایا:
"میرے والد کینسر کے باعث انتقال کر گئے، اُس وقت میری عمر صرف 14 سال تھی۔ میں ان کی خدمت نہیں کر سکا، اور آج بھی اس کا افسوس ہے۔ اسی لیے اب اپنی والدہ کے لیے سب کچھ کرنا چاہتا ہوں تاکہ زندگی میں کوئی پچھتاوا نہ رہے۔”
والدہ کی حالت تشویشناک ہے
برکت علی نے بتایا کہ ان کی والدہ گزشتہ 20 برس سے بستر پر ہیں، اور انہیں ڈائیلاسز، ذیابیطس، زائد وزن سمیت کئی پیچیدہ مسائل لاحق ہیں۔
"امی کی طبیعت ایسی ہے کہ جیسے آگے کنواں اور پیچھے کھائی۔ میں نے ان کی دیکھ بھال کے لیے 2 افراد رکھے ہیں، لیکن زیادہ تر وقت خود دیتا ہوں۔ حال ہی میں وہ گر بھی گئیں، خوش قسمتی سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔”
"امی کہتی ہیں شادی کرو، مگر میں کہتا ہوں پھر آپ کو کون دیکھے گا؟”
کامیڈین نے کہا کہ ان کی والدہ شادی کے لیے اصرار کرتی ہیں، مگر وہ انہیں مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہیں:
"میں نے امی سے کہا کہ شادی کے بعد بیوی میں لگ جاؤں گا، پھر آپ کو کون سنبھالے گا؟ اس پر امی خود کہتی ہیں کہ ہاں، پھر مت کرو شادی!”
دوست بھی شکوہ کرتے ہیں
برکت علی نے بتایا کہ ان کے قریبی دوست اکثر ان سے شکوہ کرتے ہیں کہ وہ میل جول کم رکھتے ہیں، مگر ان کا زیادہ تر وقت والدہ کی تیمارداری میں ہی گزرتا ہے۔






