اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا شو "لازوال عشق” کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقبول سوشل میڈیا شو "لازوال عشق” کے خلاف دائر درخواست پر متعلقہ حکام و فریقین سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے چیئرمین امن ترقی پارٹی فائق شاہ کی درخواست پر سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ شو میں پیش کیا جانے والا مواد ملکی سماجی اقدار اور اخلاقی روایات کے منافی ہے اور پروگرام کے مناظر و مکالمے معاشرتی بگاڑ اور فحاشی کو فروغ دے رہے ہیں، جو خاص طور پر نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پیمرا کو ہدایت دی جائے کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والے مواد کی سخت نگرانی کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں، درخواست گزار نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی حاصل کرنے کی بھی سفارش کی تاکہ آئندہ ایسے مواد کی نشریات کے لیے واضح اصول وضع کیے جا سکیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت، پی ٹی اے، پیمرا، اسلامی نظریاتی کونسل اور نیشنل کمیشن فار کلچر اینڈ آرٹس (NCCIA) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت کے لیے تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔






