بھارتی فنکاروں اور کھلاڑیوں کی غلطی نہیں، ان پر سیاسی دباؤ ہے: فیصل قریشی
کراچی — پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و میزبان فیصل قریشی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فنکاروں اور کھلاڑیوں کے رویے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ان کی غلطی نہیں، وہ شدید سیاسی دباؤ میں ہوتے ہیں۔”
فیصل قریشی ایک میگزین کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے فن، کھیل، سیاست اور تعلقات جیسے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ خاص طور پر ایشیا کپ میں پیش آنے والے ہینڈ شیک تنازع اور بھارتی فنکاروں پر عائد پابندیوں سے متعلق سوالات پر انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کی حمایت کی۔
"بھارتی سیاست خود فن کے خلاف ہے”
فیصل قریشی کا کہنا تھا:
"بھارت کی سیاست ہی ایسی ہے، پہلے ہمارے ڈرامے بند کیے گئے، پھر ایشیا کپ سے قبل ایک ایونٹ میں بھارتی کپتان اور محسن نقوی کے ہاتھ ملانے پر پورا شو اسی پر کیا گیا۔ ایسی چیزوں سے ان کے کھلاڑیوں پر شدید دباؤ آتا ہے۔”
"ہمیں ان کی مجبوری سمجھنی چاہیے”
اداکار نے مزید کہا:
"ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ان کھلاڑیوں اور فنکاروں کو واپس اسی ملک میں جانا ہوتا ہے، جہاں وہ رہتے ہیں۔ وہ اگر دباؤ میں کچھ نہ کر پائیں تو یہ ان کی مجبوری ہوتی ہے، بدنیتی نہیں۔”
"بھارتی فینز بھی مایوس ہوئے”
فیصل قریشی نے یہ بھی کہا کہ
"جب بھارتی کھلاڑیوں نے محسن نقوی سے جیتی ہوئی ٹرافی لینے سے گریز کیا تو دبئی میں موجود بھارتی فینز بھی مایوس نظر آئے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مسئلہ صرف سیاست کا ہے، عوام یا کھلاڑیوں کا نہیں۔”






