پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو انٹرویوز دینا بند کرنے کا انوکھا مشورہ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کے دوران ہمایوں سعید نے میزبان تابش ہاشمی اور دیگر شرکا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر کو مزید انٹرویوز دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی کافی مشہور ہیں۔ ہمایوں نے کہا، "آپ انٹرویوز دینا بند کر دیں، آپ پہلے ہی مشہور ہیں۔”
مزاحیہ انداز میں میزبان تابش ہاشمی نے کہا کہ "خاص طور پر رات کے اوقات میں تو ہرگز انٹرویو نہ دیں۔”
تابش ہاشمی کے سوال پر کہ خلیل الرحمٰن قمر اکثر ناراض رہتے ہیں، کیا وہ ہمایوں سے اب بھی ناراض ہیں؟ ہمایوں نے جواب دیا کہ "ابھی تو ٹھیک ہیں، لیکن ماضی میں ایک سال تک ناراض رہے تھے۔”
یہ دلچسپ تبادلہ خیال پروگرام کے دوران ہوا جہاں ہمایوں سعید نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ ان کا یہ مشورہ خلیل الرحمٰن قمر کے ان انٹرویوز کی طرف اشارہ تھا جن میں وہ اکثر کسی تنازع کا شکار ہو جاتے ہیں۔






