صائمہ قریشی کا بیان: 95 فیصد مرد دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں، پہلی بیوی کی اجازت ضروری نہیں
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صائمہ قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں حصہ لیتے ہوئے مردوں کی دوسری شادی اور تعلقات کے حوالے سے متنازع بیانات دہرائے ہیں جو خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
صائمہ قریشی نے انٹرویو میں کہا کہ مردوں کو افیئرز کرنے کا شوق ہوتا ہے، لہٰذا بہتر ہے کہ وہ کسی کی ذمہ داری لے کر زندگی گزاریں کیونکہ ایک مرد کی غلطی سے پوری نسل متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مردوں کو دوسروں کے جذبات سے کھیلنے سے بچنا چاہیے کیونکہ کل کو یہی لوگ اپنی اولاد کے لیے مثال بنتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ غلط یا حرام کام کرنے سے بہتر ہے کہ مرد دوسری شادی کر لیں اور اس میں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 95 فیصد مرد دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں اور اگر پہلی بیوی اجازت نہ دے تو بھی اسلامی نقطہ نظر سے اجازت لینا ضروری نہیں۔
صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ ایکسٹرا میریٹل افیئرز کے بجائے بہتر ہے کہ مرد اپنی بیوی کو اعتماد میں لے کر دوسری شادی کریں تاکہ تعلقات میں شفافیت رہے۔
یہ بیانات سوشل میڈیا اور ناظرین کے درمیان کافی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں، جہاں کچھ لوگ ان کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بعض نے سخت تنقید بھی کی ہے۔






