معروف کنٹری گلوکار بریٹ جیمز فضائی حادثے میں اہلیہ اور بیٹی سمیت ہلاک
واشنگٹن : امریکہ کے معروف کنٹری میوزک گلوکار اور نغمہ نگار بریٹ جیمز اپنی اہلیہ میلوڈی ولسن اور بیٹی میرل میکس ویل ولسن کے ہمراہ ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر فرانکلن کے قریب پیش آیا، جہاں ان کا نجی ہوائی جہاز کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے وقت طیارہ امریکی شہر نیش ول کے جان سی ٹیون ایئرپورٹ سے پرواز کر رہا تھا۔
حادثے کے بعد حکام نے بتایا کہ طیارہ ایک اسکول کے قریب کھیت میں گرا، لیکن خوش قسمتی سے کسی اور کو اس حادثے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ متعلقہ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بریٹ جیمز 57 سال کے تھے اور وہ گریمی ایوارڈ یافتہ کنٹری گلوکار اور نغمہ نگار تھے جنہوں نے کئی مقبول اور یادگار گیت تخلیق کیے تھے۔ ان کی اچانک موت نے امریکی میوزک انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔






