فلم ’چلتے چلتے‘ سے ایشوریا رائے کی علیحدگی: شاہ رخ خان کا افسوس، وجہ سامنے آ گئی
ممبئی (شوبز رپورٹر)
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی ایک پرانی فلم کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے، جس میں اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو کاسٹ کیے جانے کے باوجود فلم سے نکال دیا گیا تھا۔ 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم "چلتے چلتے” میں ابتدا میں ایشوریا رائے مرکزی کردار کے لیے منتخب ہو چکی تھیں اور انہوں نے فلم کی شوٹنگ بھی شروع کر دی تھی، مگر بعد میں انہیں رانی مکھرجی سے تبدیل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایشوریا رائے کو اس وقت کے ان کے قریبی دوست سلمان خان کی وجہ سے فلم سے ہٹایا گیا، جنہوں نے سیٹ پر آ کر کئی بار مسائل پیدا کیے، جس کی وجہ سے شوٹنگ متاثر ہوئی اور پروڈکشن ٹیم کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ ایشوریا اور سلمان نے بعد میں شاہ رخ خان سے اس معاملے پر معذرت بھی کی، لیکن پروڈیوسرز کو مستقبل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات لاحق تھے۔
فلم کی ٹیم چونکہ سخت شیڈول پر کام کر رہی تھی اور فلم کو چند ماہ میں مکمل کرنا تھا، اس لیے اجتماعی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایشوریا رائے کو کاسٹ سے ہٹا کر رانی مکھرجی کو مرکزی کردار میں شامل کیا جائے۔
اسی حوالے سے ایک پرانے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کہا:
"ایشوریا میری بہت قریبی دوست رہی ہیں، ہم نے ’جوش‘، ’محبتیں‘، اور ’دیوداس‘ جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ خوشگوار رہا۔ فلم ’چلتے چلتے‘ سے ان کی علیحدگی میرے لیے ذاتی طور پر ایک دکھ کی بات تھی۔ مجھے اس پر واقعی افسوس ہے، لیکن میں اکیلا پروڈیوسر نہیں تھا۔ یہ فیصلہ تقریباً 10 سے 11 افراد نے مل کر لیا، کیونکہ کمپنی کی ساکھ اور فلم کی بروقت تکمیل ہمارے لیے بہت اہم تھی۔”
’چلتے چلتے‘ میں بالآخر رانی مکھرجی کو ایشوریا کی جگہ لے کر شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار میں پیش کیا گیا، اور فلم نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی، لیکن یہ واقعہ بالی ووڈ کی تاریخ میں ایک متنازع اور جذباتی باب کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔






