درفشاں سلیم نے بلال عباس سے نکاح کی افواہوں پر دی وضاحت: "خفیہ کچھ نہیں، صرف نجی معاملات ہیں”
کراچی (شوبز رپورٹر) – پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے ساتھی اداکار بلال عباس کے ساتھ منسوب تعلقات اور نکاح کی افواہوں پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ حالیہ انٹرویو میں درفشاں نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان کے نجی معاملات پر چلنے والی افواہیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ رومانوی کردار ادا کرنے کے دوران ساتھی فنکار کے ساتھ ہم آہنگی بہت ضروری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا،
"میرا اور بلال عباس کا تعلق ایسا ہی تھا، جس کی وجہ سے ہماری اسکرین پر جوڑی لوگوں کو بے حد پسند آئی۔”
جب میزبان نے شادی کی افواہوں کے بارے میں پوچھا تو درفشاں نے مسکراتے ہوئے کہا،
"میں نے ان افواہوں کو نظر انداز کیا کیونکہ شادی جیسے معاملات نجی ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ایسا ہوتا تو لوگ خود تصاویر سے پتہ لگا لیتے۔ کوئی کب تک خفیہ رکھ سکتا ہے؟”
انہوں نے مزید وضاحت دی کہ ان کے والد نے انہیں ہمیشہ ذاتی زندگی کو نجی رکھنے کی نصیحت کی ہے، اور وہ اسی اصول پر عمل کرتی ہیں۔
"خفیہ رکھنا اور نجی رکھنا دو مختلف باتیں ہیں۔ میں خفیہ کچھ نہیں رکھتی، بس اپنی زندگی کو نجی رکھتی ہوں جب تک میں چاہوں۔”
درفشاں اور بلال عباس کی جوڑی کو سپر ہٹ ڈرامہ سیریل "عشق مرشد” میں خاص پذیرائی ملی تھی۔ دونوں کی متاثر کن اداکاری اور کیمسٹری نے ناظرین کے دل جیت لیے تھے، جس کے بعد ان کے ذاتی تعلقات کے حوالے سے افواہیں بھی گردش میں آ گئیں۔
درفشاں سلیم کے دوٹوک مؤقف نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی اور پروفیشنل کیریئر میں واضح حد بندی رکھتی ہیں اور جب تک وہ خود کوئی بات نہ کریں، ان افواہوں پر دھیان دینا غیر ضروری ہے۔






