ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی، رومانوی انداز نے مداحوں کے دل جیت لیے
لاس اینجلس (27 اگست 2025) — عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور نیشنل فٹبال لیگ (NFL) کے اسٹار ٹریوس کیلسی نے بالآخر اپنی منگنی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ دونوں ستارے گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کے ساتھ رشتۂ محبت میں بندھے ہوئے تھے، اور اب انہوں نے زندگی بھر کے ساتھ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
منگنی کا اعلان ایک رومانوی فوٹو شوٹ کے ذریعے کیا گیا، جس میں ٹریوس کو گلابوں سے سجے باغ میں گھٹنے ٹیک کر ٹیلر کو پروپوز کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ حسین لمحات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، اور مداح خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹریوس نے دو ہفتے قبل خفیہ طور پر سوئفٹ کو پروپوز کیا تھا، اور اب ان یادگار لمحات کی تصاویر کو دنیا کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے انسٹاگرام پر تصویری پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں دلچسپ انداز اپنایا:
"آپ کے انگلش ٹیچر اور جم ٹیچر شادی کر رہے ہیں۔”
مداحوں نے نہ صرف اس منفرد اعلان کو پسند کیا بلکہ جوڑے کو ڈھیر ساری مبارکبادیں اور نیک تمنائیں بھی دیں۔
شوبز اور کھیلوں کی شخصیات نے بھی جوڑے کو منگنی پر مبارکباد پیش کی ہے، اور سوشل میڈیا پر ان کا یہ رشتہ محبت کی نئی مثال بن گیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ اپنی شاندار موسیقی اور سادہ شخصیت کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں، جبکہ ٹریوس کیلسی NFL کا ایک بڑا نام ہیں اور فٹبال مداحوں میں گہری مقبولیت رکھتے ہیں۔






