انٹرٹینمنٹ

بالی ووڈ سپر اسٹار سنجے دت کی بیٹی تریشلا دت نے انسٹاگرام پر ذہنی صحت اور خاندانی تعلقات پر اہم پیغام دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی بیٹی تریشلا دت نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک حساس اور گہرے پیغام کے ذریعے ذہنی صحت اور خاندانی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

تریشلا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ خون کا رشتہ ہمیشہ زندگی پر حق جتانے کا سبب نہیں بنتا اور ہر فرد کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ذہنی سکون کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے رشتوں میں فاصلہ رکھے یا رابطہ ختم کرنے کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خاندان کا نام کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ ذہنی اذیت پہنچائے، چاہے وہ والدین ہی کیوں نہ ہوں۔

مزید برآں، تریشلا نے والدین اور بچوں کے تعلقات میں باہمی احترام اور فہم کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچے بھی ایسے والدین سے فاصلہ اختیار کر سکتے ہیں جو ان پر دباؤ یا دھونس ڈالنے کی کوشش کریں۔

اگرچہ تریشلا نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے الفاظ نے خاندانی تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ہفتے قبل سنجے دت نے اپنی بیٹی کو انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے فخر کا اظہار بھی کیا تھا۔

تریشلا دت امریکا میں پروفیشنل ماہر نفسیات کے طور پر کام کر رہی ہیں اور انہوں نے ذہنی صحت کے موضوع پر کھل کر بات کر کے نہ صرف اپنے جذبات کا اظہار کیا بلکہ اپنے مداحوں کو بھی ذہنی سکون کی اہمیت سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ تریشلا دت، سنجے دت اور ان کی پہلی اہلیہ رچا شرما کی بیٹی ہیں، جن کا انتقال 1996 میں ہوا تھا۔ سنجے دت اپنی موجودہ اہلیہ مانیتا دت اور دو بچوں کے ساتھ ممبئی میں مقیم ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button