پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈے پر پاکستانی شوبز شخصیات برہم
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار یاسر نواز نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غلط معلومات اور نفرت پھیلانے سے باز آئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور اس کی سالمیت پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اداکار یاسر حسین نے بھی بھارتی میڈیا کے نفرت انگیز بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور نفرت پھیلانے کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کے معاملات میں متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکار شمعون عباسی نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد جھوٹ اور گمراہ کن خبریں پھیلانے پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے ایک زندہ شادی شدہ جوڑے کو ہلاک قرار دیا، جو بعد میں خود سامنے آ گیا۔ شمعون عباسی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔






