ملائیکہ اروڑہ کی دوسری شادی کی خواہش، "محبت پر اب بھی یقین ہے”
ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ، ماڈل اور ڈانسر ملائیکہ اروڑہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی محبت پر مکمل یقین رکھتی ہیں اور کبھی بھی شادی کے حوالے سے "نہ” نہیں کہی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 51 سالہ ملائیکہ نے ازدواجی مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا:
"میں محبت پر یقین رکھتی ہوں، اور شادی کے لیے کبھی انکار نہیں کیا۔”
ملائیکہ نے مزید کہا کہ جب انہوں نے اداکار ارباز خان سے شادی کی تھی، تو وہ بہت کم عمر تھیں، اور آج اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں وہ نوجوان لڑکیوں کو یہ نصیحت دیتی ہیں کہ:
"شادی کا فیصلہ جلد بازی میں نہ لیں، پہلے خود کو اور زندگی کو سمجھیں، پھر شادی کا سوچیں۔”
سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل
ملائیکہ اروڑہ کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر خوب ہنگامہ مچا دیا ہے۔ جہاں کچھ صارفین نے ان کے خیالات کو سراہا، وہیں کچھ ناقدین نے ان کے اسٹائل، میک اپ اور زندگی کے انتخاب پر تنقید بھی کی ہے۔
ماضی کے تعلقات اور موجودہ صورتحال
ملائیکہ اروڑہ نے اداکار ارباز خان سے 1998 میں شادی کی تھی، جو 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد وہ اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلقات میں رہیں، لیکن یہ رشتہ 2024 میں بھی ختم ہوگیا۔ دوسری جانب ارباز خان نے 2023 میں بالی ووڈ کی معروف میک اپ آرٹسٹ سے دوسری شادی کرلی، جسے مداحوں نے خوش آئند قرار دیا۔






