کراچی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد، پوسٹ مارٹم مکمل، تحقیقات جاری
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی مردہ لاش برآمد ہوئی، جس کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مرحومہ کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ طویل عرصے سے اکیلی زندگی گزار رہی تھیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، حمیرا اصغر تقریباً 7 سال سے اس فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں اور 2018 میں یہ فلیٹ کرائے پر لیا تھا، تاہم وہ گزشتہ سال یعنی 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ مالک مکان نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں کیس درج کروایا تھا، اور جب آج بیلف پر دروازہ کھولنے سے انکار کیا گیا تو پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو کر اداکارہ کی لاش برآمد کی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ کو سیل کر دیا ہے اور موت کی اصل وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کے بعد واضح ہو گی، تاہم ابتدائی طور پر موت کو طبعی قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مرحومہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے تاکہ تحقیقات کے مختلف پہلوؤں کو جانچا جا سکے۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کا عمارت کے دیگر مکینوں سے زیادہ تعلق نہیں تھا۔ یاد رہے کہ حمیرا نے پاکستانی رئیلیٹی شو ’تماشا گھر‘ کے پہلے سیزن میں حصہ لیا تھا اور شوبز انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا رکھی تھی۔






