لندن میں ناخوشگوار واقعہ: ماہرہ خان کی بہادری اور ہمایوں سعید کا بروقت ردعمل قابل تعریف
لندن: پاکستانی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے حال ہی میں لندن میں اپنی نئی فلم "لو گرو” کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر لب کشائی کی ہے۔ اداکارہ نے واقعے کے بعد اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اس موقع پر اپنے ساتھ کھڑے ہونے پر ہمایوں سعید کا شکریہ ادا کیا۔
یہ واقعہ لندن کے الفورڈ علاقے میں واقع ایک انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں فلم کی تشہیر کے دوران پیش آیا، جہاں میٹ اینڈ گریٹ سیشن کے دوران شائقین کی بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے ناکافی سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے ہجوم بے قابو ہو گیا، اور ماہرہ خان کو مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ ہجوم میں گھِر گئیں، اور ایک سیکیورٹی اہلکار کا رویہ ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنا۔ اس موقع پر ہمایوں سعید فوری طور پر ماہرہ کی مدد کو پہنچے اور ہجوم کو پیچھے ہٹا کر ان کے لیے محفوظ راستہ بنایا، جس پر صارفین نے انہیں سراہا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا،
"میں ایک مضبوط عورت ہوں اور عام طور پر کسی سے مدد نہیں مانگتی، لیکن ہمایوں سے میری خاص سمجھ بوجھ ہے۔ وہ جان گئے کہ مجھے مدد کی ضرورت ہے اور فوراً سامنے آئے۔”
ہمایوں سعید نے اس موقع پر کہا،
"کسی بھی خاتون کو مشکل میں دیکھ کر خاموش نہیں رہا جا سکتا، چاہے وہ ماہرہ ہوں یا کوئی اور، میری کوشش ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ بروقت مدد کی جائے۔”
مداحوں نے ماہرہ کی ہمت اور ہمایوں کی حساسیت کو سراہتے ہوئے ان دونوں فنکاروں کے رویے کو شوبز انڈسٹری کے لیے ایک مثبت مثال قرار دیا ہے۔






