انٹرٹینمنٹ

’ستارے زمین پر‘ کے ہدایت کار کا خراج تحسین: عامر خان لیجنڈ ہیں، لیکن عاجزی سے کام کرتے ہیں

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار آر ایس پرسنا نے اپنی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے مرکزی اداکار عامر خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ

"عامر خان ایک لیجنڈ ہیں، جو آج بھی نئے اداکاروں کی طرح جذبے اور سادگی کے ساتھ کام کرتے ہیں، جبکہ نئے اداکار خود کو لیجنڈ سمجھنے لگتے ہیں۔”

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں آر ایس پرسنا نے عامر خان کے ساتھ کام کے تجربات، فلم کی تیاری کے مراحل اور اداکار کی شخصیت کے منفرد پہلوؤں پر تفصیل سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ:

"عامر خان کی عاجزی، ان کی محنت اور ہر منظر میں مکمل طور پر ڈوب جانے والا انداز اُنہیں ایک عام فنکار سے الگ بناتا ہے۔ وہ سپر اسٹار ہو کر بھی چپل پہن کر تقریبات میں آ جاتے ہیں اور انٹرویوز میں بھی سادگی سے بات کرتے ہیں۔ یہی چیز ان کے ساتھ کام کو خوشگوار بناتی ہے۔”

ہدایت کار نے انکشاف کیا کہ فلم "ستارے زمین پر” کے لیے وہ ابتدا سے ہی صرف عامر خان کو ذہن میں رکھے ہوئے تھے۔

"مجھے خدشہ تھا کہ اگر عامر خان نے انکار کر دیا تو یہ فلم شاید بن ہی نہ پائے۔ خوش قسمتی سے انہوں نے ہاں کر دی اور یوں ایک خواب حقیقت بن گیا۔”

آر ایس پرسنا، جن کی آخری فلم ’شبھ منگل ساودھان‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، نے بتایا کہ فلم کی پیشکش عامر خان کے منیجر کی جانب سے کی گئی تھی۔

"میں چنئی میں اپنے بچوں کے ساتھ تھا کہ ایک کال آئی اور کہا گیا کہ ہم AKPL سے بول رہے ہیں۔ پہلے تو سمجھ نہیں آیا، لیکن جب عامر خان کا نام سنا تو یقین آ گیا کہ کچھ خاص ہونے جا رہا ہے۔”

فلم ’ستارے زمین پر‘، عامر خان کی 2007 کی بلاک بسٹر فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔ نئی فلم میں بھی جذبات، سماجی پیغام اور معیاری کہانی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فلم رواں ماہ کی 20 تاریخ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جس کا شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button