انٹرٹینمنٹ

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی آخری پوسٹ وائرل، قاتل 20 گھنٹوں میں گرفتار

اسلام آباد: چترال سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف کے قتل کا واقعہ جہاں پورے ملک کو افسردہ کر گیا، وہیں مقتولہ کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ بھی وائرل ہو چکی ہے، جس میں وہ اپنی سالگرہ کی خوشیاں مناتی نظر آتی ہیں۔

ثناء یوسف کی والدہ کے مطابق، پیر کی شام تقریباً 5 بجے ایک نوجوان گھر میں داخل ہوا اور ثناء کو سینے میں دو گولیاں مار کر موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود، وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 20 گھنٹوں کے اندر ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ عمر کے نام سے ہوئی ہے، جو مقتولہ سے دوستی کرنا چاہتا تھا۔ ثناء یوسف کی جانب سے اس کی پیشکش بار بار مسترد کیے جانے پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا۔

ثناء یوسف کی آخری ویڈیوز اور تصاویر، جو انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر پوسٹ کی تھیں، اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ مداحوں اور صارفین کی جانب سے ان کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا مطالبہ ہے کہ ملزم کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور مقتولہ کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور ثبوتوں کی روشنی میں چالان جلد مکمل کیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button