انٹرٹینمنٹ

کانز فلم فیسٹیول 2025: انجلینا جولی کا خراجِ تحسین، فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ سمیت شہید صحافیوں کی قربانیوں کو سلام

کانز: کانز فلم فیسٹیول 2025ء کے دوران ایک خصوصی عشائیہ تقریب ایک جذباتی لمحے میں بدل گئی جب ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی سابق خیر سگالی سفیر انجلینا جولی نے تنازعات میں کام کرنے والے صحافیوں اور فنکاروں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں اپنے خطاب کے دوران انجلینا جولی نے خاص طور پر فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کا ذکر کرتے ہوئے حاضرین کو رُلا دیا، جو اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے 9 اہلِ خانہ سمیت شہید ہو گئیں۔ فاطمہ، جن کی عمر محض 23 برس تھی، غزہ میں زندگی کے کربناک حالات پر ایک دستاویزی فلم پر کام کر رہی تھیں، جسے 15 اپریل 2025ء کو کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

تاہم افسوسناک طور پر اگلے ہی دن اسرائیلی حملے میں ان کا اپارٹمنٹ تباہ کر دیا گیا۔ برطانوی تحقیقی ادارے فورینزک آرکیٹیکچر کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ براہِ راست ان کے گھر کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جو جنگی صحافت اور فنکارانہ اظہار پر ایک سنگین حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

انجلینا جولی نے کہا:

"دنیا کے کئی گوشوں میں فنکار اور صحافی بغیر کسی تحفظ کے سچ کو دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ کچھ نے اس قیمت اپنی جانوں سے ادا کی ہے۔ فاطمہ حسونہ جیسی نوجوان خواتین ہماری امید اور یادگار بن گئی ہیں۔”

انہوں نے سودان اور یوکرین سے تعلق رکھنے والے دیگر متاثرہ صحافیوں کا بھی تذکرہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو ایسے فنکاروں اور صحافیوں کی آواز بننا ہوگا جو خاموش کر دیے گئے۔

تقریب میں موجود حاضرین نے فاطمہ حسونہ کی قربانی پر کھڑے ہو کر خراجِ تحسین پیش کیا، جو اس لمحے کو فیسٹیول کی روحانی اور تاریخی یاد بناتا ہے۔

یہ لمحہ کانز فلم فیسٹیول کے اس مقصد کو مزید اجاگر کرتا ہے کہ فلم صرف تفریح نہیں، بلکہ سچ، مزاحمت اور انصاف کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button